سڈنی ٹیسٹ، پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا 3 وکٹوں پر 365 رنز

سڈنی ٹیسٹ، پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا 3 وکٹوں پر 365 رنز

ڈیسک:سڈنی ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلوی بیٹسمینوں کے نام رہا اور کھیل کے اختتام پر صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر میزبان ٹیم نے 365 رنز بنا لیے۔

میٹ رنشا نے ناقابل شکست 167 رنز بنائے جب کہ وارنر نے 113 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر اور میٹ رنشا نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدا ہی میں بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے 151 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں ڈیوڈ وارنر کے شاندار اور دھواں دار 113 رنز شامل تھے ۔

ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 78گیندوں پر کھانے کے وقفے سے قبل ہی سنچری بنا ڈالی۔

عثمان خواجہ اور کپتان اسمتھ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بالترتیب 13 اور 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اوپنر میٹ رنشا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری ہے۔

پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے صرف تین وکٹیں گنوا کر 365رنز بنالئے تھے، میٹ رنشا 167 اور ہینڈز کومب 40 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو جب کہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ 

متعلقہ خبریں