مسئلہ کشمیر پر گرما گرمی

مسئلہ کشمیر پر گرما گرمی

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنیوا میں ہونیوالے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہواہے۔ اجلاس میں پاکستا ن نے ایک بار پھر یہ مطالبہ دہرایا ہے کہ اقوام متحدہ حقائق جاننے کے لئے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا یہ کہنا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مخدوش صورتحال اس کا داخلی معاملہ ہے واقعتا درست نہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں بھارتی سفیر اجیت کمار نے الزام عاید کیا کہ جموں و کشمیر کے بعض علاقوں میں شورش کی وجہ سے سرحد پار سے ہونیوالی دہشت گردی ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ بھارتی سفیر اجیت کمار کے دعوے اس لئے باطل ہیں کہ پاکستان جب بھی مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال گولہ باری کرکے آزاد کشمیر میں بھی عوامی زندگیوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی تحقیق کا مطالبہ کرتا ہے تو بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو وہاں جانے کی اجازت دینے سے صاف مکر جاتا ہے۔ یہاں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ اب تجزیہ کار بھی یہ کہتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے نعرے بھارتی حکومت کا دردسر بن گئے ہیں اور یہ نعرے اب وادی سے نکل کر دلی اور کلکتہ تک پہنچ گئے ہیں ۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے انسانی حقوق کے کارکن گوتم نولکھا نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت مقبو ضہ کشمیر میں طاقت کا استعمال کرکے کشمیری عوام کو خاموش کرنا چاہتی ہے اور کشمیر کی آزادی کے مطالبے کو فوج کے ذریعے کچلناچاہتی ہے۔ بھارتی انسانی حقوق تنظیموںکی جانب سے ان حقائق کو اگر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے اراکین غیر جانبداری سے دیکھیں تو ان پر پاکستان کا موقف مبنی بر حقیقت ہی لگے گا۔ لیکن بد قسمتی سے اقوام متحدہ اصل حقائق جانتے ہوئے بھی خود اپنی ہی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر اب تک عمل درآمدکرانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے اور اس کی بڑی وجہ بڑی طاقتوں کی جانبدارانہ پالیسی ہے جو وہ کشمیر کے حوالے سے اپنے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیتی ہیں۔ تاہم انشاء اللہ ایک دن ضرور آئے گا جب مقبو ضہ کشمیر کے عوام اپنے حقوق حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ خبریں