پرتھ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا پر فتح

پرتھ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا پر فتح

پرتھ میں سیریز کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 177 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کھیل کے آخری دن 361 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

 

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 97 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ پیٹر نیول نے بھی 60 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے لیے ربادا پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ کیشو مہاراج، فیلینڈر، باووما اور ڈومینی نے ایک ایک وکٹ لی۔

پیر کو آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو مچل مارش اور عثمان خواجہ نے ٹیم کا سکور 196 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر مارش 26 رنز بنانے کے بعد ربادا کی چوتھی وکٹ بنے۔

عثمان خواجہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور سنچری سے تین رنز کے فاصلے پر ڈومینی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت آسٹریلیا کا سکور 246 رنز تھا۔

آسٹریلیا کو ساتواں نقصان مچل سٹارک کی وکٹ کی شکل میں ہوا جو 13 رنز بنا سکے۔ یہ ربادا کی اس اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔

 

280 کے مجموعی سکور پر فیلنڈر نے پیٹر سڈل کو آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کی نویں وکٹ 65 رنز کی شراکت کے بعد گری جب 29 رنز بنانے والے جوش ہیزل وڈ کو باووما نے کیچ کروا دیا۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 242 رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں 158 رنز کا آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم 244 رنز ہی بنا سکی تھی اور اسے پہلی اننگز میں دو رن کی برتری ملی تھی۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے ایلگر اور ڈومینی کی سنچریوں کی بدولت 540 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 539 رنز کا ہدف دیا تھا۔

متعلقہ خبریں