عمران خان کا درست استدلال

عمران خان کا درست استدلال

فاٹا انضمام میں جمعیت علمائے اسلام اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی من حیث الجماعت مخالف ہیں یا پھر یہ ان کے سربراہوں کا مشترکہ موقف ہے۔ اس حوالے سے وثوق سے تو کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن بہر حال تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جابن سے اچکزئی اور مولانا ہی کو فاٹا انضمام کی راہ میں رکاوٹ قرار دینا حالات و واقعات اور ان رہنمائوں کے کردار و عمل سے بخوبی واضح ہے۔ ان جماعتوں میں فاٹا انضمام کے حوالے سے خود اپنے قائد ین کے موقف کی حمایت کا نہ ملنا اس بنا پر فطری امر ہے کہ دونوں جماعتوں میں پختونوں کی تعداد اکثریت میں ہے جو فاٹا کے صوبے کے انضمام کے حامی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس معاملے پر سوائے ان دو حضرات کی مخالفت کے باقی گرمجوشی دکھائی نہیں دیتی۔ محولہ دونوں رہنمائوں کی مخالفت کارد عمل آئندہ عام انتخابات میں قبائلی علاقوں سے سخت آنے کا امکان ہے۔ پشتونخوا عوامی پارٹی کی ان علاقوں میں نہ تو کوئی نمائندگی ہے اور نہ ہی تنظیمیں اس بناء پر اچکزئی کی مخالفت پرائی شادی میں دیوانگی کے مظاہرے کے مصداق ہے۔ مگر بہر حال دیوانہ بکار خویش ہشیار کے مصداق اچکزئی جس سیاسی فکر کے حامل ہیں وہ بہر حال اس امر کا متقاضی ہے کہ وہ اس کی مخالفت کریں۔ مولانا فضل الرحمن بھی قبائل کی محبت میں نہیں بلکہ اپنی سیاست ہی کی وجہ سے اسی انتظام کے خواہاں نہیں البتہ ان رہنمائوں کی اس بات میں بہر حال وزن موجود ہے کہ قبائلی عوام کی اکثریت کی رائے معلوم کئے بغیر فاٹا کا انضمام اچھے نتائج کاحامل نہ ہوگا۔ اگر وہ اس موقف میں سچے اور مخلص ہیں تو ان کو چاہئے کہ وہ اس ضمن میں اپنی اتحادی حکومت کو اس اقدامات کے لئے قائل کریں مگر ایسی کوئی سعی نظر نہیں آتی۔ فاٹا سیکرٹیریٹ کے کرپشن کا گڑھ ہونے اور چیک پوسٹوں کے کروڑوں میں بکنے کا الزام معروضی حقائق کے تناظر میں غلط نہیں لیکن فاٹا چیک پوسٹوں پر ہونے والی کرپشن کی حصہ داری میں چونکہ وسیع البنیاد شراکت داری ہے۔ بناء بریں اس ضمن میں کسی جانب سے بھی کوئی ٹھوس اقدام دکھائی نہیں دیتا۔ فاٹا کے صوبے میں ضم ہونے کی بناء پر اس توازن کے بگڑنے کا امکان ہے۔ لہٰذا فاٹا کے انضمام کے بظاہر حامی عناصر کا بباطن اس کا خواہاں نہ ہونا بھی ممکن ہے۔ بہر حال اس ضمن میں اگر تعجیل ممکن نہیں تو تسلسل کے ساتھ کم از کم آہستگی ہی سے پیشرفت ہونی چاہئے تاکہ فاٹا کے عوام کو بالآخر قومی دھارے میں آنے کاموقع تو ملے گا۔

متعلقہ خبریں