امریکہ اور بھارت کی ''ہر خواہش پہ دم نکلے'' والی خواہش

امریکہ اور بھارت کی ''ہر خواہش پہ دم نکلے'' والی خواہش

امریکہ کا بھارت سے مل کر پاکستان میں حملوں کی خواہش کا اظہار ہر خواہش پر دم نکلے کے زمرے میں آتا ہے۔ امریکہ بھارت اسرائیل اور طاغوتی طاقتوں کا بس چلے تو ایٹمی صلاحیت کے حامل عظیم ملک پاکستان کو خاکم بدہن خدانخواستہ صفحہ ہستی سے ہی مٹا کر دم لیں گے مگر یہ چراغ پھونکوں سے بجھایا نہ جائے گا اور نہ ہی بجھایا جاسکے گا۔ امریکہ ک اگر افغانستان اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کامیابی ملتی تو نجانے ان کے غرور و تکبر کا کیا عالم ہوتا۔ امریکہ ویت نام میں شکست کھا چکا افغانستان میں بھی اس کو شکست ہوگئی ہے۔ بھارت سات آٹھ لاکھ فوج سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر ظلم و ستم ڈھانے کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہ سکا ہے۔ جہاں ایک منظم فوج کی بجائے نہتے عوام سے امریکہ اور بھارت شکست کھا چکے ہوں ان کو پاکستان کے بارے میں اس قسم کی جرأت ہونی ہی نہیں چاہئے کہ وہ طن عزیز کے حوالے سے کوئی ہذیان بک سکیں۔ بلا شبہ ہم اپنی ہی خطائوں اور نادانیوں کے باعث وطن عزیز کا ایک حصہ گنوا چکے ہیں اور اب بھی بد قسمتی سے ہم نے سبق نہیں سیکھا لیکن پاکستان کی فوج اور پاکستان کے عوام اس قابل ضرور ہیں کہ دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنادیں ۔ امریکہ کا بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان میں حملوں کی دھمکی کو بہر حال سنجیدگی سے لینا ہی دانشمندی کا تقاضا ہے۔ کمزور سے کمزور دشمن کو بھی کمزور نہیں سمجھنا چاہئے ۔ اس صورتحال کا سب سے اولین متقاضی امر یہ ہے کہ ہم ٹکڑیوں میں بٹنے اور خود وطن عزیز میں باہم مد مقابل آنے کے بجائے دشمنوں کے ارادوں بلکہ ان کی دلی خواہش کے لبوں پر آنے کے بعد قومی سطح پر اتحاد و اتفاق پیدا کریں اور پوری قوم ایک مٹھی ہو کر ان دھمکیوں کا سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کرنے کا عزم کرے۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں و ممالک اور اسلامی ممالک کی تنظیم بشمول مہذب دنیا کو اس قسم کی دھمکیوں کا نوٹس لینا چاہئے اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے والے جنونیوں کو خبردار کرے۔ پاکستان کے خلاف کوئی بھی قدم انتہائی قدم گردانا جائے گا اور اس کا جواب مسکت انداز میں ملنا فطری امر ہوگا جس کے اثرات و نتائج امریکہ بھارت او ر اسرائیل سبھی کو بخوبی معلوم ہونے چاہئیں۔

متعلقہ خبریں