ماڈل ٹاؤن کیس شریف برادران کی پھانسی کی وجہ ثابت ہوگا،طاہرالقادری

ماڈل ٹاؤن کیس شریف برادران کی پھانسی کی وجہ ثابت ہوگا،طاہرالقادری

ویب ڈیسک: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آخری حد تک جائیں گے اور شریف برادران کو پھانسی ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ آج مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا کہ 17 جون کے شہدا تنہا نہیں، ان کے لواحقین کو نا تو خریدا نہیں جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت انہیں ڈرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں چور تو پکڑا گیا مگر 14 بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والا قاتل ابھی باقی ہے جس کا نام شہباز شریف ہے اور نوازشریف کے پیچھے اصل قوت شہبازشریف کا پنجاب میں اقتدارہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں 70 سال سے تماشا لگا ہوا ہے مگر میں کہتا ہوں کہ نوازشریف صاحب 35 سال سے تو آپ نے تماشا لگا رکھا ہے، 30 سال سے اقتدار کر کے آپ نے صرف اپنے  خاندان کو خوشحالی دی، آپ کہتے ہیں میں ووٹ کا تقدس بحال کرانا چاہتا ہوں مگر پہلے یہ بتائیں پامال کس نے کیا، آپ نے ہی چھانگا مانگا سیاست پاکستان میں متعارف کرائی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، دنیا کی کوئی طاقت انہیں پھانسی کے پھندے سے نہیں بچا سکتی۔

متعلقہ خبریں