پاکستانی قوم کی محسن عظیم خاتون

پاکستانی قوم کی محسن عظیم خاتون

دنیا میں بہت کم ایسے لوگ دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنی زندگی انسانیت کے نام کردیں ،انسان میں اپنوں کے لیے درد کا جذبہ ہوتا ہے ،انسان کبھی اپنے علاقہ کے لوگوں کیلئے بھی درد محسوس کرتا ہے لیکن یہ بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے کہ ہزاروں میل دور بغیرکسی رشتہ و ناطہ کے اور بغیر کسی صلے کے انسان صرف اور صرف انسانیت کے درد کو محسوس کرتے ہوئے دیار غیر کے باسیوں کی داد رسی کیلئے نکل پڑے۔ڈاکٹر رتھ فاؤ کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہوتا ہے جو اپنی خدمات کا صلہ انسانیت سے نہیں بلکہ انسانوںکو پیداکرنے والے سے چاہتے ہیں ۔یہ خاتون جرمنی کے شہر لائزگ کی رہنے والی تھی۔پیشے کے لحاظ سے یہ ڈاکٹر تھیں۔1958ء کی بات ہے اس خاتون نے 30 سال کی عمر میں پاکستان میں کوڑھ (جزام) کے مریضوں کے بارے میں ایک فلم دیکھی' کوڑھ اچھوت مرض ہے جس میں مریض کا جسم گلنا شروع ہو جاتا ہے' جسم میں پیپ پڑجاتی ہے اور اس کے ساتھ ہی انسان کا گوشت ٹوٹ ٹوٹ کر نیچے گرنے لگتا ہے'کوڑھی کے جسم سے شدید بو بھی آتی ہے' کوڑھی اپنے اعضاء کو بچانے کے لیے ہاتھوں' ٹانگوں اور منہ کو کپڑے کی بڑی بڑی پٹیوں میں لپیٹ کر رکھتے ہیں'یہ مرض لا علاج سمجھا جاتا تھا چنانچہ جس انسان کو کوڑھ لاحق ہو جاتا تھا اسے شہر سے باہر پھینک دیا جاتا تھا اور وہ ویرانوں میں سسک سسک کر دم توڑ دیتا تھا۔پاکستان میں 1960ء تک کوڑھ کے ہزاروں مریض موجود تھے'یہ مرض تیزی سے پھیل بھی رہا تھا' ملک کے مختلف مخیرحضرات نے کوڑھیوں کے لیے شہروں سے باہر رہائش گاہیں تعمیر کرا دی تھیں'یہ رہائش گاہیں کوڑھی احاطے کہلاتی تھیں' لوگ آنکھ' منہ اور ناک لپیٹ کر ان احاطوں کے قریب سے گزرتے تھے' لوگ مریضوں کے لیے کھانا دیواروں کے باہر سے اندر پھینک دیتے تھے اور یہ بیچارے مٹی اورکیچڑ میں لتھڑی ہوئی روٹیاں جھاڑ کر کھا لیتے تھے'ملک کے قریباً تمام شہروں میں کوڑھی احاطے تھے' پاکستان میں کوڑھ کو ناقابل علاج سمجھا جاتا تھا چنانچہ کوڑھ یا جزام کے شکار مریض کے پاس دو آپشن ہوتے تھے' یا سسک کر جان دے دے یا خود کشی کر لے۔ڈاکٹر رتھ فائو انتہائی جاذب نظر اور توانائی سے بھر پور عورت تھی اور یہ یورپ کے شاندار ترین ملک جرمنی کی شہری بھی تھی'زندگی کی خوبصورتیاں اس کے راستے میں بکھری ہوئی تھیں لیکن اس نے اس وقت ایک عجیب فیصلہ کیا'یہ جرمنی سے کراچی آئی اور اس نے پاکستان میں کوڑھ کے مرض کے خلاف جہاد شروع کر دیااور یہ اس کے بعد واپس نہیں گئی' اس نے پاکستان کے کوڑھیوں کے لیے اپنا ملک' اپنی جوانی' اپنا خاندان اور اپنی زندگی لگا دی'انہوں نے کراچی ریلوے اسٹیشن کے پیچھے میکلوڈ روڈ پر چھوٹا سا سینٹر بنایا اور کوڑھیوں کا علاج شروع کر دیا'کوڑھ کے مریضوں اور ان کے لواحقین نے اس فرشتہ صفت خاتون کو حیرت سے دیکھا کیونکہ اس وقت تک کوڑھ کو اللہ کا عذاب سمجھا جاتا تھا' لوگوں کا خیال تھا یہ گناہوں اور جرائم کی سزا ہے۔ چنانچہ لوگ ان مریضوں کو گناہوں کی سزا بھگتنے کے لیے تنہا چھوڑ دیتے تھے' ان کے لیے پہلا چیلنج اس تصور کا خاتمہ تھا'انہیں بیماری کو بیماری ثابت کرنے میں بہت وقت لگ گیا اور اس کے بعد مریضوں کے علاج کا سلسلہ شروع ہوا'یہ عظیم خاتون اپنے ہاتھوں سے ان کوڑھیوں کو دوا بھی کھلاتی تھی اور ان کی مرہم پٹی بھی کرتی تھی ،جن کو ان کے سگے بھی چھوڑ گئے تھے۔یہ مریضوں کا علاج کرتی اور کوڑھیوں کا کوڑھ ختم ہو جاتا'اس دوران ڈاکٹر آئی کے گل نے بھی انہیں جوائن کر لیا' ان دونوں نے کراچی میں 1963ء میں میری لپریسی سینٹر بنایا اور مریضوں کی خدمت شروع کردی'ان دونوں نے پاکستانی ڈاکٹروں' سوشل ورکرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا۔یوں یہ سینٹر 1965ء تک اسپتال کی شکل اختیار کر گیا'انہوں نے جزام کے خلاف آگاہی کے لیے سوشل ایکشن پروگرام شروع کیا'ڈاکٹر کے دوستوں نے چندہ دیا لیکن اس کے باوجود ستر لاکھ روپے کم ہو گئے'یہ واپس جرمنی گئی اور جھولی پھیلا کر کھڑی ہو گئی'جرمنی کے شہریوں نے ستر لاکھ روپے دے دیے اور یوں پاکستان میں جزام کے خلاف انقلاب آ گیا۔وہ پاکستان میںجزام کے سینٹر بناتی چلی گئیں یہاں تک کہ ان سینٹرز کی تعداد 156 تک پہنچ گئیں' ڈاکٹر نے اس دوران 60 ہزار سے زائد مریضوں کو زندگی دی۔یہ لوگ نہ صرف کوڑھ کے مرض سے صحت یاب ہو گئے بلکہ یہ لوگ عام انسانوں کی طرح زندگی بھی گزارنے لگے۔ان کی کوششوں سے سندھ' پنجاب' خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے جزام ختم ہو گیا اور عالمی ادارہ صحت نے1996ء میں پاکستان کو ''لپریسی کنٹرولڈ'' ملک قرار دے دیا'پاکستان ایشیاء کا پہلا ملک تھا جس میں جزام کنٹرول ہوا تھا'یہ لوگ اب قبائلی علاقے اور ہزارہ میں جزام کا پیچھا کر رہے ہیں اور ان کا خیال ہے اگلے چند برسوں میں پاکستان سے جزام کے جراثیم تک ختم ہو جائیں گے۔حکومت نے 1988ء میں ان کو پاکستان کی شہریت دے دی' انہیں ہلال پاکستان' ستارہ قائداعظم' ہلال امتیاز اور جناح ایوارڈ بھی دیا گیا اور نشان قائداعظم سے بھی نوازا گیا۔ آغا خان یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹر آف سائنس کا ایوارڈ بھی دیا۔جرمنی کی حکومت نے بھی اسے آرڈر آف میرٹ سے نوازا۔ یہ تمام اعزازات' یہ تمام ایوارڈ بہت شاندار ہیں لیکن یہ فرشتہ صفت خاتون اس سے کہیں زیادہ ''ڈیزرو'' کرتی ہے۔یہ لوگ ہمارے محسن ہیں چنانچہ ہمیں ان کی ایوارڈز سے بڑھ کر تکریم کرنا ہو گی۔

متعلقہ خبریں