56 کھلاڑی پی ایس ایل فائنل پاکستان میں کھیلنے کو تیار

56 کھلاڑی پی ایس ایل فائنل پاکستان میں کھیلنے کو تیار

ویب ڈیسک:پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سے متعلق ایک اور اچھی خبر، پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے 56 کھلاڑیوں نے رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے۔ رضا مند کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور انگلش بالر کرس جورڈن بھی شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں اویس شاہ، سولیمن بین اور برینڈن ٹیلر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے زیادہ تر کھلاڑی لاہور آ کر کھیلنے کو تیار ہیں۔ صوبائی وزیر پنجاب رانا ثناء اللہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

پاکستان نے سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں منعقد کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ دبئی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ سیکیورٹی پلان تشکیل دینے کیلئے انٹیلی جنس اداروں سے رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں۔ آئندہ 3 روز تک سیکیورٹی پلان مرتب کر دیا جائے گا۔ امید ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب بڑا قدم ثابت ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کا فائنل لاہور میں کرانے کی تیاریاں شروع ہو گئیں ہیں۔ پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کی ٹکٹیں 25 فروری کے بعد دستیاب ہوں گی۔

پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلیے سیکیورٹی کی تمام تر ذمے داری پاک فوج کو سونپ دی گئی ہے۔ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو صدر کے لیول کی سیکیورٹی دی جائے گی۔

in  progress

متعلقہ خبریں