نوکیا کا نیا اسمارٹ فون جلد سامنے لانے کا اعلان

نوکیا کا نیا اسمارٹ فون جلد سامنے لانے کا اعلان

ڈیسک:معروف کمپنی نوکیا نے طویل عرصے بعد اپنے نئے اسمارٹ فون کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اپنا نیا اسمارٹ فون اگلے سال فروخت کے لیے پیش کرے گی اور اس طرح ایک بار پھر موبائل فون مارکیٹ کا حصہ بن جائے گی۔

نوکیا نے اپنے موبائل فون کا کاروبار 2014 میں مائیکروسافٹ کو فروخت کردیا تھا جو لومیا برانڈ کے زیرتحت ڈیوائسز فروخت کرنے کی مجاز تھی۔

مگر مائیکرو سافٹ نے اب اسمارٹ فون کے شعبے سے دوری اختیار کرلی ہے اور اسی لیے نوکیا نے واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔

نوکیا کا نیا اسمارٹ فون اگلے سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ کچھ افواہیں یہ بھی ہیں کہ یہ ڈیوائس فروری 2017 میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے۔

نوکیا نے ابھی صرف یہ تصدیق کی ہے کہ وہ اقگلے سال ایک فون ریلیز کرنے جارہی ہے اور اب وہ پھر اسمارٹ فونز کے میدان میں واپس آرہی ہے۔

نوکیا نے چند ماہ پہلے فن لینڈ کی ایک اور کمپنی ایچ ایم ڈی سے شراکت داری کی تھی جس کے ذمے نئے اسمارٹ فونز کی مینوفیکچرنگ کی ذمہ داری ہوگی۔

ابھی نوکیا کے نئے فون کے فیچرز کے حوالے سے تفصیلات دستیاب نہیں مگر امکانات یہی ہیں کہ وہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر مشتمل ہوگا۔

متعلقہ خبریں