ناجائزاثاثہ جات کیس؛ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد

ناجائزاثاثہ جات کیس؛ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک:ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناجائز اثاثاجات کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران وفاقی وزیر پر فرد جرم عائد کردی گئی، فاضل جج نے اسحاق ڈار کو الزامات پڑھ کر سنائے تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام بے بنیاد ہے لہذا اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا دفاع کروں گا اور بے گناہی ثابت کروں گا۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد اسحاق ڈار کے وکلا نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ  کی درخواست کی جس کی نیب نے مخالفت کی جب کہ عدالت نے استغاثہ کے 2 گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں