اخبار فروشوں کی مسائل حل کیلئے اسلام آباد مارچ کی دھمکی

ویب ڈیسک: اخبار فروش یونین ضلع پشاور کے صدر رضا خان، جنرل سیکرٹری محمد رفیق اور سیکرٹری اطلاعات رحمن گل مہمند نے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے اخبار فروشوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، ایک طرف اخبار کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے دوسری طرف پی ڈی ایف کی وجہ سے اخبار کی فروخت میں انتہائی کمی آئی ہے، اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے پشاور کے اخبار فروشوں سے شناختی کارڈ کی کاپیاں لی تھیں ایک سال گزرنے کے باوجود کسی بھی اخبار فروش کے ساتھ مالی تعاون نہیں کیا گیا، نگران حکومت موجودہ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے اخبار فروشوں کے لئے ریلیف کا اعلان کرے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آ سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس سیاسی جماعت کی بھی حکومت آئی ہے اس نے اخبار فروشوں کو سہانے خواب دکھائے ہیں لیکن عملی طور پر کسی بھی حکومت نے اخبار فروشوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے، انہوں نے موجودہ نگران حکومت کو خبردار کیا کہ اگر اخبار فروشوں کی فلاح و بہبود کیلئے نگران حکومت نے اقدامات نہ اٹھائے تو ملک بھر کے اخبار فروش اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ نگران حکومت پر عائد ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی کا4اپریل کو ذوالفقار بھٹو کی برسی پر جلسہ ملتوی