ایس آئی تشدد کیس، فریقین کو معاملہ نمٹانے کی مہلت، سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراہیم خان اور جسٹس وقار احمد نے پولیس ایس پی ٹریننگ کی جانب سے ریٹائرڈ ایس آئی پر مبینہ تشدد کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ریٹائرڈ ایس آئی نے عدالت کو بتایا کہ ایس پی ٹریننگ نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جسم پر تشدد کے نشانات میڈیکل رپورٹ میں واضح ہیں جبکہ ایس پی ٹریننگ نے درج ایف آئی آر کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ابراہیم خان نے استفسار کیا کہ آپ دونوں کے درمیان اصل تنازعہ کس بات پر چل رہا ہے۔ ریٹائرڈ ایس آئی نے کہا کہ ایس پی ٹریننگ اور دیگر افسران نے کروڑوں روپوں کی ہیرا پھیری کی اور پیسوں پر بھرتیاں بھی کیں۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ بات تو ٹھیک ہے کہ پولیس میں پیسوں پر بھرتیاں ہوتی ہے، میرے گھر پر تعینات 5 پولیس اہلکاروں میں سے 4 تو پیسوں پر بھرتی ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس ابراہیم خان نے ایس پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کو اپنا حصہ دے دیتے تو مسئلہ ختم ہو جاتا، ممکن ہے اس نے حصہ مانگا ہو اور آپ نے مارا ہو۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ باہمی مشاورت سے ختم کرلیں ورنہ عدالت فیصلہ کرے گی۔ عدالت نے آپس میں معاملہ ختم کرنے کا موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  روس کا امریکی ٹیکٹیکل میزائل یوکرین کو دینے کا دعویٰ