برفباری سے سڑکیں بند

برفباری سے سیاحتی علاقہ بنشاہی کی رابطہ سڑکیں بند،عوام کو مشکلات

ویب ڈیسک :پاک افغان بارڈر سے متصل تحصیل ثمرباغ کے سیاحتی علاقہ شاہی بنشاہی میں شدید برفباری کی وجہ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ علاقہ کے مقامی مشران حبیب الرحیم ایڈووکیٹ، مولانا گل زمین عائد، عبدالرحیم و دیگر کے مطابق بارش و برفباری کے حالیہ سلسلہ کے بعد شاہی بنشاہی میں تین فٹ سے زیادہ برف پڑنے کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے دیرلوئر جندول کو ضلع دیربالا تحصیل براول سے ملانے والی شاہراہ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے۔
برفباری کی وجہ سے لوگ گھروں میں گھر کے اندر محدود رہنے پر مجبور ہوگئے اور علاقہ کی بازار اور تجارتی مراکز بھی بند پڑے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ عوام کو اجناس اور غذاء کی کمی کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تحصیل میونسپل انتظامیہ ثمرباغ کے تعاون سے روڈ سے برف ہٹانے پر کام جاری ہے مگر کئی فٹ برف پڑنے کیوجہ سے صفائی میں مشکلات کا سامنا ہے اس لئے برف صاف کرنے میں وقت لگے گا۔ مقامی لوگوں کے مطابق صفائی کیلئے صرف ایک ٹریکٹر بھیجا گیا ہے تاہم کام کافی زیادہ ہے اس لئے ایک ٹریکٹر سے جلدی صاف ہونا ممکن نہیں۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ روڈ سے برف ہٹانے اور علاقہ کے غریب اور متاثرہ لوگوں کو خوراکی مواد فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مقامی لوگوں کی زندگیاں متاثر نہ ہو۔

مزید پڑھیں:  امریکی یونیورسٹی میں اسرائیل مخالف احتجاج پر 100سے زائد طلباگرفتار