پروف گاڑیوں کی خریداری

بم اور بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری میں40 فیصد اضافہ

ویب ڈیسک: دہشت گردی کے خطرات کے باعث بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے رحجان میں چالیس فیصد سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے اس سلسلے میں ملکی سطح پر گاڑیوں کو بلٹ اور بم پروف گاڑیوں میں تبدیل کیا جارہاہے جس کی قیمت پانچ کروڑ روپے تک مقرر ہے اس تناظر میں خیبرپختونخوا میں بھی سیاستدانوں ، صنعتکاروں ، تاجروں اور اہم ترین سرکاری شخصیات کی جانب بم پروف اور بلٹ پروف پرائیویٹ گاڑیوں کی تعداد درجنوں تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں چند سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدان بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیاں زیادہ تعداد میں خرید رہے ہیں۔ اس وقت پشاور کے مختلف علاقوں سٹی ، صدر، یونیورسٹی ٹائون، حیات آباد کے علاوہ مردان، چارسدہ، خیبر اور مہمند سمیت دیگر بندوبستی اور قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیاستدان بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کراچی کے بعد پشاور کی شاہراہوں میں بھی بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیاں نظر آ رہی ہیں
بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیوں کا رجحان2010کے دھماکوں کے بعد شروع ہوا تھا لیکن حالیہ سالوں کے دوران بھتہ خوری اور اغوا کی وارداتوں میں اضافہ کی وجہ سے گاڑیوں کی خریداری میں بھی اضافہ ہورہا ہے قبل ازیں اس قسم کی گاڑیاں بیرون ممالک سے منگوائی جاتی تھی لیکن اب لاہور اور کراچی سمیت ملک کے کئی اور شہروں میں مقامی سطح پر لینڈ کروزر گاڑیوں کو بلٹ اور بم پروف گاڑیوں میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  بٹگرام:پلاسٹک و کراکری کی دکان میں آتشزدگی ،کروڑوں کا نقصان