تارکین وطن انخلاء،اخراجات میں شفافیت یقینی بنائی جائے،اعظم خان

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق معاملات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نگران کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کو غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی واپسی کے لیے کیے گئے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے انتظامیہ کی جانب سے ہولڈنگ سنٹرز میں واپس جانے والے افراد کے لئے انتظامات اور فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی۔
محمد اعظم خان نے اجلاس میں کہا کہ اپنے ملک واپس جانے والے تارکین وطن کو سہولیات کی فراہمی اور دیگر انتظامات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں و اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کے ساتھ انسانی بنیادوں پر بہترین برتاؤ کا مظاہرہ کیا جائے اور ان کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
وزیر اعلی محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک جانے والوں کے ساتھ صوبے کی روایات اور اقدار کے مطابق برتاؤ کیا جائے اور اخراجات میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
محمد اعظم خان کا کابینہ اجلاس میں کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے عمل پر آنے والے اخراجات کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے سمیت ہنگامی بنیادوں پر کئے جانے والے ان اخراجات میں مروجہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں مزید بارش کا امکان، دریاوں میں‌فغیانی کا خطرہ