دہشتگردی اوراغوا کی وارداتوں کے خلاف وانامیں ہزاروں افرادسڑکوں پرآگئے

ویب ڈیسک :جنوبی وزیرستان، لوئر وزیرستان کے صدر مقام وانا میں بدامنی، دہشتگردی،اغواکاری کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وانا میں پولیس کی عملداری کے قیام اور حکومت سے امن کی فضا قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کے نعرے درج تھے۔ریلی اور جلسہ کے دوران وانا میں 4 ہزار دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں۔ ریلی کے بعد اولسی پاسون کے نام سے جلسہ منعقد کیا گیا جس سے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے مقامی قائدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدامنی، دہشتگردی، اغواء کاری اور دیگر سنگین جرائم واقعات سے یہاں کے لوگوں ہمیشہ خوف کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ لوئر وزیرستان کے عوام میں بدامنی کی وجہ سے جو بے چینی پائی جاتی ہے
اس سے یہاں کے سرمایہ دار لوگ سرمایہ کاری سے کترارہے ہیں کیونکہ بدامنی کی صورت میں وہ اپنا سرمایہ ضائع نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا جب سرمایہ دار طبقہ یہاں سے چلا جائے تو پھر علاقے میں غربت و بیروزگاری بڑھ جائے گی اور بے روزگار نوجوان جلد دہشتگردوں کی گود میں جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا لوئر وزیرستان میں آئے روز بدامنی اور پولیس پر حملے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ جلسہ میں قرارداد پیش کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ وانا سمیت دوسرے بڑے قصبوں میں پولیس کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے اور مرجر کے بعد عوام کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی بنتی ہے حکومت یہاں کی سکیورٹی اپنے ہاتھ میں لیکر عوام کے تحفظ کے لئے دور رس اقدامات اٹھائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ جمشید سمیت دوسرے مغویوں کو بھی اغواء کاروں کے چنگل سے بازیاب کرایا جائے۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کے طبی معائنہ کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر