بلاول

سرمایہ دار سے ٹیکس لے کر غریب پر لگائیں گے‘بلاول

ویب ڈیسک : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی صورت حال آج خطرناک ہے‘ہم سرمایہ دار سے ٹیکس لے کر غریب پر لگائیں گے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایک بار پھر ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے سیاستدان چوتھی بار بھی کرسی کے لئے کوشش کررہے ہیں جبکہ انہیں عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس نے قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا لیکن آج پھر سے دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں، پرانے سیاست دانوں کی معاشرتی تقسیم کی وجہ سے آج بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور سوائے پیپلزپارٹی کے کسی جماعت کے پاس اس کو قابو کرنے کا منصوبہ نہیں ہے کیونکہ باقی سیاسی جماعتیں اپنے لیے اور پی پی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے الیکشن لڑ رہی ہے۔
حکومت میں آنے کے بعد 17غیر ضروری وزارتوں کو ختم کر کے ان کا پیسہ عوام پر خرچ کروں گا جبکہ اشرافیہ کو سالانہ دی جانے والی 1 ہزار 500 ارب کی سبسڈی بھی ختم کروں گا، ہم سرمایہ دار سے ٹیکس لے کر غریب پر لگائیں گے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اپنے ہاتھوں سے معاشی معاہدہ مرتب کیا ہے، حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے اس پر عملدرآمد کریں گے جس سے مہنگائی، بے روزگاری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ والے سمجھتے ہیں کہ انہوں نے میچ فکس کر لیا ہے مگر ایسا نہیں ہے وہ گھر سے بھی نہیں نکل پارہے، میں عوام کی حمایت سے وزیراعظم بن کر وزیراعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب سے بناؤں گا۔

مزید پڑھیں:  جمرود، تین سالہ بچی پانی کی تالاب میں گر کر جاں بحق