شیخ آباد رہزنی

شیخ آباد میں رہزنی، مزاحمت پر دودھ فروش قتل، لواحقین کا احتجاج

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے شیخ آباد میں مسلح رہزنوں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے مزدور کو قتل کر دیا۔ مقتول دودھ فروش تھا جس کے قتل کے خلاف لواحقین اور مکین سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے احتجاجاً انم صنم چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردی۔ گلبہار پولیس کے مطابق واقعہ شیخ آباد نمبر 3 میں پیش آیا جہاں مسلح رہزنوں نے لوٹنے کی غرض سے جاوید شاہ ولد سیدان شاہ کا راستہ روکا تاہم 37 سالہ جاوید شاہ نے مزاحمت کرتے ہوئے ہاتھا پائی شروع کردی جس پر ایک رہزن نے اس پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے جاوید شاہ شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔ واقعہ کے خلاف مقتول کے رشتہ دار اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں مشتعل ہو کر سڑک پر نکل آئے تھے اور انہوں نے گلبہار انم صنم چوک میں بڑے بڑے پتھر رکھ کر وہاں ٹائروں کو آگ بھی لگا دی تھی اور روڈ ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کر دیا تھا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔ رات گئے تک واقعہ کی ایف آئی آر درج نہ ہوسکی تھی۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں تیزی،100انڈیکس67ہزار پوائنٹس کی حد چھونے لگا