صومالیہ ریسٹورنٹ خودکش دھماکا

صومالیہ: ریسٹورنٹ میں خودکش دھماکا، انتخابی امیدوار سمیت 15 افراد ہلاک

صومالیہ میں خودکش حملے کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی صومالیہ کے شہر بلد وینہ کے ایک کیفے میں خود کش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان ایران بڑھتے تعلقات پر امریکہ کو تشویش، پابندیوں کا اشارہ

پولیس کے مطابق خود کش حملہ صوبہ حران کے دارالحکومت بلدوینہ میں ایک پُر ہجوم کیفے میں کیا گیا جہاں اُس وقت کئی سیاستدان اور مقامی حکام موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:یورپ: سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 13 افراد ہلاک

واضح رہے کہ بلد وینہ شہر میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ دھماکے میں ایک انتخابی اُمیدوار کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی زوردار تھا جس کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی۔ جاں بحق افراد میں فوجی اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کوبلین ڈالرزکی نئی آئی ایم ایف قسط رواں ماہ ملنےکاامکان

اطلاعات کے مطابق القاعدہ کی ذیلی عسکریت پسند تنظیم الشباب نے اِس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

صومالیہ کے پارلیمانی انتخابات یکم نومبر 2021 کو شروع ہوئے تھے جنہیں 24 دسمبر تک مکمل ہونا تھا تاہم اب یہ 25 فروری تک مکمل ہوں گے۔