منہ زورمہنگائی نے سیاسی جماعتوں کیلئے الیکشن مشکل بنادیا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں منہ زور مہنگائی اور امن و امان کی غیر یقینی صورتحال نے سیاسی جماعتوں کے لئے الیکشن میں اترنا مشکل کر دیا ہے ملک میں متوقع عام انتخابات کے لئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہے اور ابھی تک کسی جماعت کی جانب سے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی ہے۔ ان حالات میں دہشت گردی کے خدشہ پر صوبے میں بڑے جلسوں کا امکان کم ہونے کے ساتھ سابق حکومتوں میں شامل عہدیداروں کا لوگوں سے ووٹ مانگنا بھی مشکل ہوگیا ہے
فی الحال صوبے میں صرف جماعت اسلامی اور اے این پی کی جانب سے انتخابی مہم شروع کی گئی ہے اور تمام امیدوار بھی نامزد کئے گئے ہیں تاہم دوسری سیاسی جماعتوں نے تاحال امیدواروں کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے ٹکٹ جاری نہیں کئے ہیں جے یو آئی نے امیدواروں کی فہرستیں طلب کی ہیں جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدواروں کی نامزدگی کے لئے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ان کمیٹیوں نے کوئی فہرست جاری نہیں کی ہے اور ان پارٹیوں کے رہنما سوشل میڈیا ٹیم پر اپنی مہم چلارہے ہیں
اس وقت تک تمام سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے میں لگی ہوئی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے تمام رہنما روپوشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور انتخابات کیلئے کسی قسم کی منصوبہ بندی نہیں بنائی ہے صوبے میں انتخابات کے بارے میں کوئی مصدقہ شیڈول موجود نہیں اور تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں بھی شروع نہیں ہوئی ہیں لوگ بھی تذبذب میں ہے اور انتخابات نہ ہونے کی افواہیں اڑا ئی جارہی ہیں ۔

مزید پڑھیں:  حلف برداری، حکومت جلد از جلد اسمبلی اجلاس بلائے، ڈاکٹر عباد اللہ