پابندیاں عائد

امریکا اور برطانیہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

ویب ڈیسک: اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد امریکا اور برطانیہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
اقوام متحدہ میں نائب امریکی مندوب رابرٹ ووڈ نے پابندیوں کی تصدیق کردی ہے۔
نائب امریکی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ اسرائیل پر حملے کیلئیاستعمال ہونے والے ایرانی ڈرونز پروگرام، ان کے انجن بنانے والی کمپنیوں اور پرزے فراہم کرنے والی کمپنیوں سمیت کسٹمرز پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
رابرٹ ووڈ نے امید ظاہر کی کہ امریکا کے اتحادی اور شراکت دار جلد ان پابندیوں کی پیروی کریں گے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں رابرٹ ووڈ نے کہا ایران اور حماس سمیت ان کے عسکری شراکت داروں نے خطے کو ایک وسیع تنازعے کی طرف دھکیل دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ کے وفد پر بھی سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں، پابندیوں کے تحت ایرانی وفد اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے اطراف دو بلاک کے اندر تک محدود رہے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پابندیوں کے تحت ایرانی وفد اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر سے صرف ایرانی مشن تک سفر کر سکے گا جبکہ ایرانی وفد کو جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ تک سفر کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ ان دنوں اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:  چمن، بارشوں میں 25 دیہاتوں کو ملانے والی شاہراہ بہہ گئی