پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج

پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج ایک دوسرے کے بھائی ہیں، آرمی چیف

ویب ڈیسک: چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ آج جی ایچ کیو میں منائی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں محترمہ پینگ چنکسو، عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور، میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے۔ پیپلز لبریشن آرمی اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
چینی ناظم الامور نے پی ایل اے کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون پر مبنی شراکت داری وقت اور بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے۔ گزشتہ ماہ میں آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے، جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوطی سے فروغ ملا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے دونوں ممالک کی فوج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد میں زہر آلود سیب کھانے سے 2بچے جاں بحق