Daily Mashriq


کینگروز سے ون ڈے سیریز قومی بولرز کیلیے بھیانک خواب بن گئی

کینگروز سے ون ڈے سیریز قومی بولرز کیلیے بھیانک خواب بن گئی

دبئی:  کینگروز سے سیریز پاکستانی بولرز کیلیے بھیانک خواب ثابت ہوئی، قومی بولنگ اٹیک پانچ میچز میں ایک بھی بار آسٹریلیا کو مکمل طور پر آؤٹ کرنے میں ناکام رہا، عثمان شنواری 5 وکٹیں لیکر کامیاب ترین شمار ہوئے، جنید خان اور یاسرشاہ نے یکساں طور پر 4،4 شکار کیے، عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

آئی پی ایل کی دریافت محمد حسنین تین میچز میں 2 وکٹیں اپنے نام کرپائے، بیٹنگ میں پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے سیریز میں 2 سنچریوں کی مدد سے 291 رنز جوڑکر کامیاب بیٹسمین ہونے کا ثبوت پیش کیا، محمد رضوان نے بھی سیریز کو اپنے لیے فائدہ مند بنایا، انھوں نے 5 میچز کی 4 اننگز میں موقع ملنے پر 2 سنچریوں کی مدد سے 231 رنز اپنے نام جوڑے، اس میں ان کی بہترین انفرادی اننگز 115رنز رہی، عمر اکمل نے 5 مواقع ملنے پر مجموعی طور پر 150رنز جوڑے، وہ کوئی بھی ففٹی نہیں بناسکے۔

اس میں ان کا زیادہ اسکور 48 رنز رہا،ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کیلیے اب انھیں سخت مشکل کا سامنا رہے گا، عماد وسیم 138 رنز بنانے میں کامیاب رہے، اس میں ان کی بہترین کاوش 47 رنز ناٹ آؤٹ شمار ہوئی، عابد علی نے ڈیبیو میچ میں 112 کی اننگز کھیلی جبکہ اتوار کو سیریز کے آخری ون ڈے میں وہ کھاتہ کھولنے سے بھی محروم رہے،شان مسعود 5 میچز میں 111 رنز بنانے میں کامیاب رہے، اس میں ان کا بہترین اسکور 50 رنز رہا، اختتامی دومیچز میں باہر رہنے والے کپتان شعیب ملک 3 مقابلوں میں 102 رنز بناکر نمایاں رہے، اس دوران انھوں نے سب سے زیادہ 60 کی اننگز کھیلی، امام الحق تین میچز میں موقع ملنے کے باوجود 63 رنز جوڑپائے، فہیم اشرف42 رنز بناکر نمایاں رہے۔

متعلقہ خبریں