Daily Mashriq

 آسٹریلین یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کی ٹیوشن فیس معاف کرنے کا اعلان

آسٹریلین یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کی ٹیوشن فیس معاف کرنے کا اعلان

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بتایا ہے کہ ایک آسٹریلین یونیورسٹی ہر سال 5 پاکستانی طلبہ کے لیے اپنی ٹیوشن فیس 100 فیصد معاف کرے گی۔

اس بات کا اعلان ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری اور آسٹریلین ہائی کمشنر مارگاریٹ ایڈم سن کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

اس موقع پر ملاقات میں ان کے ہمراہ گریفتھ بزنس اسکول کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈیوڈ گرانٹ، آسٹریڈ ٹریڈ کمشنر پیٹر کول مین، آسٹریڈ کنٹری ڈائریکٹر اظہر شاہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پروفیسر پیٹر ووڈز اور گریفتھ بزنس اسکول ریجنل مارکیٹ منیجر موہاند باواز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر بنوری نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایچ ای سی آسٹریلین ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشن کے ساتھ اس شراکت داری کی قدر کرتا ہے اور گریفتھ یونیورسٹی کی جانب سے اس شراکت داری کا حصہ بننے کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے ساتھ 10 آسٹریلین یونیورسٹی رابطے پر ہیں اور اس وقت ان اداروں میں 160 پاکستانی طلبہ پی ایچ ڈی پروگرامز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے ہائی کمشنر کے وفد کو بتایا کہ پاکستان کی ترجیحات میں صرف سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی نہیں ہے بلکہ سوشل سائنسز، ہیومینٹیز اور آرٹس بھی شامل ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایچ ای سی کی بیرون ملک اور مقامی اسکالر شپ پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ہائی کمشنر مارگاریٹ ایڈم سن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا نے اعلیٰ تعلیم پر طویل مدتی شراکت داری قائم کی ہے، جس میں تحقیق کے ساتھ ساتھ تعلیم کے بہتر مواقع، قلیل اور طویل مدتری تربیتی پروگرامز اور صلاحیت کی تعمیر کے کورسز فراہم کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں