Daily Mashriq

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔ 

ایک نیوز کانفرنس میں وفاقی کابینہ کے اہم فیصلوں کے بارے میں بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارتی مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ اس مرتبہ عازمین حج کو مثالی سہولتیں فراہم کی جائیں۔انھوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی عازمین کو روایتی رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مرتبہ دور دراز علاقوں میں بھی حج کے لیے بائیومیٹرک کی سہولت میسر ہو گی اور گلگت میں جج کیمپ قائم کیا جائے گا۔ اس سال ایک لاکھ 84ہزار کے قریب پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے بزرگ شہریوں 10ہزار جبکہ کم آمدن والے افراد کے لیے 500 کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔ 

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں ای سی ایل میں شامل 172افراد میں سے 32کے ناموں پر غور کا معاملہ نظر ثانی کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

کراچی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی اب کابینہ ڈویژن کے ماتحت ہو گی اور کراچی کی ترقی کے معاملات اب وزیراعظم براہ راست دیکھیں گے۔ 

وفاقی کابینہ نے ویزہ کی فراہمی کو آسان بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی منظور ی دی جسکے تحت 175ملکوں کو ای ویزہ جبکہ 50 ملکوں کو پاکستان پہنچنے پر ویزہ فراہم کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اجلاس میں برطانیہ سمیت بعض ممالک سے پاکستان کے ویزہ فیس میں کمی کی بھی منظوری دی گئی جس سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ 

اداروں میں اصلاحات اور کفایت شعاری کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے اس حوالے سے ٹاسک فورس کی ابتدائی رپورٹ پیش کی جسکے تحت رولز آف بزنس میں ترمیم کی جائے گی۔ وزیراعظم آفس کو حد سے زائد دئیے گئے اختیارات کو وزارتوں کی سطح پر لایا جائے گا۔ سول سروسز میں بھی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ 

وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے خارجہ پالیسی کی نوعیت بدل کر رکھ دی ہے۔ 

ایک سوال پر وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا کہ نئی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا ایک مقصد صحافیوں کو جانی اور مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں