Daily Mashriq

خیبرپختونخوا میں شدید سردی، پشاور میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا

خیبرپختونخوا میں شدید سردی، پشاور میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا

پشاور:خیبرپختونخوا میں شدید سردی، پشاور میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا، صوبائی دارالحکومت کا درجہ منفی 1 تک گر گیا، اسکردو منفی 21 ڈگری کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پشاور میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا‘جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں کالام منفی پانچ، پاراچنار منفی چار ، چترال ومالم جبہ منفی دواور دیر منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسکردو منفی 21 ڈگری کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا۔ جبکہ شہر قائد کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ 

 شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے اور صبح میں دھند ہونے کے باعث اس وقت حدِ نگاہ 2 اعشاریہ 5 کلو میٹر ہے۔

 محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں 3 جنوری کے بعد بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔لاہور اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی دھند ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ایبٹ آباد اور چکوال میں منفی 2، اسلام آباد میں منفی ایک، پشاور میں ایک، مری، راول پنڈی، لاہور، ملتان اور بہاول پور میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں