Daily Mashriq

ججز کے خلاف ریفرنسز: پاکستان بار کونسل کا منگل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

ججز کے خلاف ریفرنسز: پاکستان بار کونسل کا منگل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان بار کونس (پی بی سی) نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) کے جسٹس کے۔ کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں 2 ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر کل (منگل کو) یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

پی بی سی نے وکلا برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ریفرنسز کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی عمارت میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

ایک بیان میں پاکستان بار کونسل کے صدر امان اللہ کنرانی نے تمام بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان سے کہا ہے کہ جب 5رکنی بینچ ریفرنسز کی سماعت کے لیے بیٹھے تو یوم سیاہ منایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سماعت کے دوران وکلا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ جھنڈے تھامیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بار کونسل سپریم جوڈیشل کونسل کے حتمی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کونسل نے سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ میں چھٹیوں کے پیش نظر عدالتوں کی بندش کی کوئی کال نہیں دی۔

امان اللہ کنرانی نے وکلا پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور اپنی صفوں میں کسی کو انتشار پھیلانے نہ دیں، ساتھ ہی کونسل نے کچھ وکلا اور مختلف محکموں کے سربراہان کی طرف سے فائدے مند نشستیں حاصل کرنے کی خبروں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ عوالتوں میں تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہئیں کیونکہ اگر ججز اور وکلا تنظیموں کے عہدیداروں کے رشتے دار ان اعلیٰ عہدوں تقرر ہوں گے تو شفافیت کا عمل متاثر ہوسکتا ہے‘۔

متعلقہ خبریں