Daily Mashriq

جنوبی اضلاع کو ہنگامی بنیادوں پر گیس لائن فراہم کرنے کا فیصلہ

جنوبی اضلاع کو ہنگامی بنیادوں پر گیس لائن فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور(مشرق نیوز)خیبرپختونخواحکومت نے کوہاٹ ڈویژن کے عوام کو گیس کی فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل اورمتعلقہ ضلعی انتظامیہ پر زوردیا ہے کہ تیل وگیس کی پیداوارکرنے والے ضلع ہنگو،کرک اور کوہاٹ میں گیس نیٹ ورک کوہنگامی بنیادوں پر توسیع دی جائے اوران اضلاع کی ترقی کے لئے 694ملین ریلیزہونے والے فنڈزکی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔اس سلسلے میں سیکرٹری توانائی وبرقیات سرفرازدرانی کی زیرصدارت تیل وگیس کی پیداواروالے کوہاٹ ڈویژن کے عوام کوگیس کی فراہمی کے منصوبوں پرہونے والے پیش رفت اوردیگر مسائل کے حل کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہواجس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی افتخاراحمد مروت،چیف پلاننگ آفیسرذین اللہ شاہ، کے پی اوجی سی ایل کے چیف ایگزیکٹوعثمان خٹک ، کمشنرکوہاٹ جبارشاہ،ڈی سی کرک شاہ رخ علی،ڈی سی ہنگو سمیت ایس این جی پی ایل،اوجی ڈی سی ایل اورمول کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تیل وگیس کی پیداوار کیلئے تجویز کردہ باراتئی بلاک کوسی پی ایف کے ساتھ منسلک نہ کئے جانے پرتشویش کا اظہارکیا گیا اوراسے فوری طورپر قومی مفاد میں فوری منسلک کرنے پر زوردیا گیا۔اجلاس میں تیل وگیس کی پیداواروالے اضلاع کے عوام کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنے پر زوردیا گیا۔ایس این جی پی ایل اورضلعی انتظامیہ کوہدایات جاری کی گئیں کہ لوکل آبادی کو گیس کی سہولیات فوری طورپرفراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیںاورانکے جملہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔سیکرٹری توانائی سرفرازدرانی نے کہاکہ گیس کی فراہمی کے منصوبوں کوفوری طورپرمکمل کرنے کے لئے ایس این جی پی ایل اورضلعی انتظامیہ مشترکہ طورپر اجلاس میں لائحہ عمل طے کریں اورگیس چوری کرنے والے عناصرکے ساتھ سخت ایکشن لیں۔انہوں نے زوردیا کہ تیل وگیس کی پیداوارمیں حائل مسائل کے فوری حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے محکمہ توانائی کوجامع رپورٹ پیش کرکے آگاہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں