Daily Mashriq

پاک بھارت کشیدگی: مذاکرات کا راستہ کھلنا چاہیے، اماراتی ولی عہد

پاک بھارت کشیدگی: مذاکرات کا راستہ کھلنا چاہیے، اماراتی ولی عہد

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر دباؤ کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے وزرا اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان نے عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ قائم کیا ہے‘۔

اماراتی حکام ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرتے ہوئے ولی عہد زید بن النہیان نے دونوں ممالک میں کشدیدگی میں کمی کرنے اور مذاکرات کے لیے راستے کھولنے پر زور دیا گیا۔

انہوں نے عمران خان اور نریندر مودی سے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک میں بہتر تعلقات کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے سربراہان اپنے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کریں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق شہزادہ زید نے عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ’اسٹیٹس مین لائیک اسپیچ‘ (مدبرانہ خطاب) اور پر امن طریقے سے تمام معاملات کے حل کی خواہش کے اظہار کی تعریف کی۔

بعد ازاں ترک صدر نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ قائم کیا۔

وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا تھا کہ ’ترک صدر نے وزیر اعظم کے پارلیمنٹ میں خطاب اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے اور امن کے لیے کام کرنے پر مدبرانہ پیشکش پر مبارک باد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام امن پسند مذہب ہے جو تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنا سکھاتا ہے‘۔

ترک صدر نے وزیر اعظم کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کو سراہا اور نشاندہی کی کہ ان کا یہ عمل قوت کا نشان ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ترک صدر رجب طیب اردووان سے موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کہیں گے۔

وزیر اعظم نے گزشتہ چند دنوں سے سامنے آئی صورتحال کے حوالے سے ترک صدر کو بتایا اور موجودہ بحران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی کاوشوں کا بتایا۔

انہوں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جاری کشیدگی اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا بھی بتایا۔

وزیر اعظم نے ترک صدر کی پاکستان اور کشمیری عوام کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان واحد ملک ہے جو ترکی کے ہمیشی ساتھ کھڑا رہے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ امن چاہتے ہیں اور اسے کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، انہوں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے بھارتی وزیر اعظم سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوششیں کی ہیں‘

متعلقہ خبریں