Daily Mashriq


پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کیلئے پرامید

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کیلئے پرامید

کراچی: پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔

قومی ویمن ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں آئی سی سی خواتین کی چمپئن شپ کے 3 ایک روزہ میچز اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز 6 سے 23 مئی تک کھیلی جائے گی۔

اس حوالے سے بسمہ معروف کا جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کہنا تھا کہ ’ہم نے تربیتی کیمپ میں سخت محنت کی ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے، ساتھ ہی ہم نے آل راؤنڈ (بیٹنگ اور باؤلنگ) کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے پر کافی وقت گزارا ہے‘۔

بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ان کا اور ٹیم منیجمنٹ کا اصل ہدف ایک روزہ سیزیر جیت کر ویمن ورلڈ کپ 2021 میں ٹیم کو براہ راست جگہ بنانے کا موقع حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اس ایونٹ کی میزبان اور آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ سے 4 بہترین ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، اگر پاکستان کی بات کی جائے تو وہ اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے پاکستان سے زیادہ 13 پوائنٹس ہیں۔

قومی ٹیم کی کپتان کا ماننا ہے کہ دونوں ٹیموں اس سیریز کو مزید دلچسپ بنا دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں ویمن کی چیمپئن شپ پوائنٹس پر بہتری کے لیے سخت محنت کررہی ہیں، میزبان ملک کو اس وقت ہم سے ایک پوائنٹس کی برتی حاصل ہے، جسے سیریز کو جیت کر ختم کیا جاسکتا ہے‘۔

کپتان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے برابر میچز کھیلیں ہیں اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال اس سیریز کو مزید دلچسپ کردے گی۔

27 سالہ قومی ٹیم کی کپتان سمجھتی ہیں کہ دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی ایک روزہ سیریز جیتنے کے بعد قومی ٹیم کا مورال بلند ہے اور اسے کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی کھلاڑیوں کو بھی تبدیل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’کیمپ کے آغاز میں انجری کا شکار ہونے والی دیانا بیگ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے والی پوری ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور ٹیم منیجمنٹ اور مجھے ثنا میر، ندا ڈار، سدرا امین، جویریہ خان، نشرا سندھو اور عالیہ ریاض کی صلاحیوں پر مکمل اعتماد ہے

متعلقہ خبریں