Daily Mashriq

لاہور ہائی کورٹ: پی سی بی کے چیئرمین، ایم ڈی کی تعیناتی چیلنج

لاہور ہائی کورٹ: پی سی بی کے چیئرمین، ایم ڈی کی تعیناتی چیلنج

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر پی سی بی سے جواب طلب کرلیا۔

پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ نے احکامات جاری کیے۔

درخواست میں نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ احسان مانی برطانیہ کے مستقل رہائشی کا درجہ رکھتے ہیں اس لیے ان کی تعیناتی غیر قانونی ہے کیونکہ یہ مفادات کا تصادم ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بورڈ آف گورنرز کے اکثریت رکن وسیم خان کی مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعیناتی کو ان کی برطانوی شہریت کی وجہ سے کالعدم قرار دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پی سی بی کے قوانین کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے احکامات پر عمل در آمد نہ کرنا خلاف قانون ہے، عدالت معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے وسیم خان کو عہدے سے برطرف کرے‘۔

عدالت کے جج جسٹس مزمل اختر نے درخواستگزار کا موقف سننے کے بعد پی سی بی حکام کو نوٹسز جاری کیے اور انہیں 21 مئی تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ درخواستگزار پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے ان 5 رکن میں سے ایک ہیں جنہوں نے 17 اپریل کو کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔

ان اراکین نے الزام لگایا تھا کہ پی سی بی چیئرمین پاکستان کے کرکٹ کے امور کو آمرانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں پی سی بی نے نعمان بٹ کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی جسے متنازع اجلاس کے اگلے ہی دن علیحدہ جج کو ارسال کردی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں