پی ٹی آئی نے دو نومبر کا احتجاج منسوخ کر دیا، یومِ تشکر منایا جائے گا۔

پی ٹی آئی نے دو نومبر کا احتجاج منسوخ کر دیا، یومِ تشکر منایا جائے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے کمیشن کے قیام کے فیصلہ کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والےاحتجاج کو منسوخ کرتے ہوئے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا اور کمیشن ’وزیراعظم کی کرپشن کا احتساب کرے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف وزیراعظم کی کرپشن کے مطالبے پر ہی احتجاج کر رہی تھی۔

٭ اسلام آباد 'لاک ڈاؤن' پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

٭ پی ٹی آئی کو مقررہ جگہ پر احتجاج کرنے کا حکم

عمران خان نے کہا کہ ’اب احتجاج کے بجائے دو نومبر کو پریڈ گرؤانڈ میں یوم تشکر منایا جائے گا۔‘

پیر کی شب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں پشاور سے اسلام آباد آنے والے قافلے پر ہونے والی آنسو گیس کی شیلنگ سے اس کے دو کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ کارکن زائد المعیاد اور زہریلی آنسو گیس کا نشانہ بنے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیرِ اعلی پر دوسرے صوبے کے وزیرِ اعلیٰ نے حملہ کروایا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ہلاک ہونے والے کارکنوں کی تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم تحریکِ انصاف کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے ناظم محمد عاصم خان نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک شدگان میں سے ایک یونین کونسل تہکال کے صدر انعام اللہ تھے۔

بیان کے مطابق انعام اللہ صوابی میں احتجاج کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

ادھر پیر کی شب برہان انٹرچینج پر پنجاب پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی وجہ سے واپس صوابی جانے والا تحریکِ انصاف کا قافلہ منگل کو دوبارہ اسلام آباد کا رخ کرنے کی تیاری میں ہے۔

یہ قافلہ پیر کی دوپہر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں موٹر وے پر روانہ ہوا تھا۔

اس قافلے کو پہلے اٹک کے قریب ہارون آباد پل اور پھر برہان انٹرچینج پر رکاوٹوں اور پولیس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ہارون آباد میں تحریکِ انصاف کے کارکن پولیس کی شیلنگ کے باوجود کنٹینر ہٹا کر آگے بڑھنے میں کامیاب رہے تھے تاہم برہان کے مقام پر پولیس نے انھیں آگے جانے نہیں دیا۔

ٹاپ سٹوری