Daily Mashriq


ہندی زبان میں ڈب شدہ کارٹون دکھانے پر نکلوڈیئن چینل کا لائسنس معطل

ہندی زبان میں ڈب شدہ کارٹون دکھانے پر نکلوڈیئن چینل کا لائسنس معطل

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ہندی زبان میں ڈب شدہ کارٹون دکھانے پر نکلوڈیئن چینل کا لائسنس معطل کردیا ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اتھارٹی نے 19 اکتوبر کو کسی بھی سیٹلائٹ یا لینڈنگ رائٹس والے ٹی وی چینل پر انڈین مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم نکلوڈیئن چینل پیمرا کے فیصلے کی روگردانی کرتے ہوئے مسلسل کئی روز سے ہدایات کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نکلوڈیئن کی معطلی سے متعلق ہدایات تمام ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو دے دی گئی ہیں اور چینل کی معطلی کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان میں اے آر وائی کیمونیکیشنز، نکلوڈیئن چینل کا لینڈنگ رائٹس ہولڈر ہے۔

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو پیمرا کے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق 16 اکتوبر کو سٹیلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے سمری کا جواب موصول ہونے پر کیا گیا، جس میں حکومت پاکستان نے اتھارٹی کو مکمل اختیارات دیے کہ وہ انڈین مواد سے متعلق فیصلہ سازی کرنے میں بااختیار ہے۔

متعلقہ خبریں