Daily Mashriq

ماں کا کردار کرچکی اب نانی دادی کا کردار کرنا چاہتی ہوں، ماہرہ خان

ماں کا کردار کرچکی اب نانی دادی کا کردار کرنا چاہتی ہوں، ماہرہ خان

کراچی: پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے سینئر اداکار فردوس جمال کی تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ وہ ماں کا کردار اداکرچکی ہیں اور اب ان کا منصوبہ نانی، دادی اور پرنانی کے کردار کرنے کا ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان اورسینئر اداکار فردوس جمال کا تنازع ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتاجارہا ہے۔ فردوس جمال کے ماہرہ خان کے بارے میں تبصرے نے سوشل میڈیا پر آگ لگائی ہوئی ہے۔

جہاں ماہرہ خان کے مداح مسلسل اپنی پسندیدہ اداکارہ کی حمایت میں تبصرے کررہے ہیں وہیں اداکار فردوس جمال کے چاہنے والے بھی ان کا دفاع کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ہر انسان کی اپنی رائے ہوتی ہے اوریہ اس کا حق ہوتا ہےکہ وہ کسی بھی بارے میں آزادانہ اپنی رائے کا اظہار کرے۔

اداکارہ ماہرہ خان فردوس جمال کے اس تبصرے پر اپنا ردعمل دے چکی ہیں تاہم اسی حوالے سے ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ماں کا کردارپہلے ہی کرچکی ہیں اور اب تو وہ نانی، دادی بلکہ پرنانی کے کردار اداکرناچاہتی ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا کہ میں اس طرح کے موضوعات پر کچھ بھی کہنے کے بجائے خاموشی اختیار کرنا پسند کرتی ہوں لیکن میں ایک بات کہنا چاہتی ہوں کہ میری حمایت میں جس طرح پوری انڈسٹری باہر آئی میں اس کے لیے شکر گزار ہوں۔

فردوس صاحب کے تبصرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ ماں کا کردار تو میں ڈراما سیریل’’ہمسفر‘‘میں نبھاچکی ہوں اور آگے بھی اگر موقع ملا تو نبھاؤں گی، بلکہ میں تو اس انڈسٹری میں اتنا کام کرنا چاہتی ہوں کہ نانی، دادی اور پرنانی کے کردار اداکرسکوں۔

متعلقہ خبریں