Daily Mashriq

’سات ملاقاتیں‘ محبت، شادی، طلاق اور پچھتاوے کی کہانی

’سات ملاقاتیں‘ محبت، شادی، طلاق اور پچھتاوے کی کہانی

لیجنڈ اداکار نعمان اعجاز اور زارا ترین کی شاندار اداکاری پر مبنی ویب ڈرامہ ’سات ملاقاتیں‘ آن لائن جاری کردیا گیا۔

’سات ملاقاتیں‘ کو ’ناشپتی پرائم‘ کی جانب سے یوٹیوب پر 28 نومبر کو جاری کیا گیا اور ڈرامے کے ریلیز ہوتے ہی اس نے شائقین کے دل جیت لیے۔

’سات ملاقاتیں‘ 9 قسطوں پر مبنی ہے اور اس کی کہانی شادی کے بعد الگ ہونے اور پچھتاوے کی زندگی گزارنے والے جوڑے کے گرد گھومتی ہے۔

’سات ملاقاتیں‘ کی مرکزی اداکارہ زارا ترین نے ڈرامے کے حوالے سے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان گھومتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کی 15 سالہ شادی طلاق پر ختم ہوتی ہے جس کے بعد وہ اور ان کے سابق شوہر پچھتاوے کی زندگی گزارتے ہیں۔

زارا ترین کے مطابق ڈرامے میں شادی شدہ جوڑے کی محبت، ان کے ہاں اولاد ہونے، مسائل جنم لینے اور پھر طلاق ہوجانے کو دکھایا گیا ہے لیکن ڈرامے کی کہانی کا اختتام یہیں پر نہیں ہوتا بلکہ شائقین کو طلاق سے آگے بھی بہت کچھ دیکھنے کو ملتا ہے۔

ڈرامے کے جاری کیے گیے ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ طلاق کے بعد جوڑا پچھتاوے کا شکار بن جاتا ہے اور ایک بار پھر اکٹھا ہونا چاہتا ہے۔

’سات ملاقاتیں‘ کی 9 ہی قسطوں کو ’ناشپتی پرائم‘ کے یوٹیوب چینل پر مفت دیکھ جا سکتا ہے۔

ڈرامے کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے۔

’سات ملاقاتیں‘ کو قیصر علی نے پروڈیوس کیا ہے، شائقین نے ڈرامے کی کہانی کو بہت سراہا ہے۔

واضح رہے کہ ’سات ملاقاتیں‘ کے جاری کیے گئے پرومو میں ہمایوں سعید کو دکھایا گیا انٹرویو ڈرامے کا حصہ نہیں ہے، ان کے انٹرویو کو صرف ڈرامے کی تشہیر کے لیے استعمال کیا گیا۔

متعلقہ خبریں