Daily Mashriq

پشاور، الائچی کی قیمت میں9ماہ کے دوران4ہزار روپے فی کلو اضافہ

پشاور، الائچی کی قیمت میں9ماہ کے دوران4ہزار روپے فی کلو اضافہ

پشاور(صابر شاہ ہوتی) صوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ نو ماہ کے دوران الائچی کی فی کلو قیمت میں چار ہزار روپے کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، الائچی جوکہ عام طورپر دوہزار سے پچیس سو روپے میں فروخت کی جاتی ہے لیکن اس سال پیدا ور میں کمی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور حکومت کی جانب سے لگائے گئے بے تحاشہ ٹیکسز کی و جہ سے اس کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور الائچی کی قیمت میں اضافہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے الائچی کی قیمت جو کہ دو مہینے قبل چار ہزار روپے فی کلو تھی اب دو ماہ بعد ہی اس کی فی کلو قیمت میں دو ہزار روپے اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ نو مہینوں کے دوران اس کی قیمت میں چارہزار روپے اضافہ ہوگیا ہے ۔ پیپل منڈی پشاور میں چائے فروش سلیمان شاہ کہ کہنا ہے کہ الائچی جو کہ امریکہ سے بر آمد کی جا تی ہے اور وہاں پر ہر سال اسکی پیداوار وافر مقدار میں ہوتی ہے تاہم اس سال امریکہ میں پیداوار کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں پر اثرات پڑے ہیں اور پشاور میں بڑے بیوپاریوں نے الائچی سٹاک کی ہوئی اور پچھلے سال منگوائی گئی الائچی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے ۔ قصہ خوانی میں چائے کی پتی اور الائچی کا کاروبار کرنیوالے عدنان کا کہنا ہے کہ قیمتیں صرف پیداوار کی کمی کی وجہ سے زیادہ نہیں ہوئی بلکہ حکومت کی جانب سے بے تحاشہ ٹیکسز اور پاکستان اور بھارت بارڈر بندش کی وجہ سے بھی قیمتوں پر اثر پڑا ہے کیونکہ الائچی بھار ت سے بھی پاکستان بر آمد کی جاتی ہے لیکن جب بھی پاکستان اور بھا رت کے تعلقات کشیدہ ہو جا تے ہیں تو وہا ں سے سپلائی بند ہونے کی وجہ سے مانگ میں اضافہ ہو جا تا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں