Daily Mashriq


سرکاری ضوابط سے آگاہی بارے نافع اقدام

سرکاری ضوابط سے آگاہی بارے نافع اقدام

پاکستان بھر میں پہلی مرتبہ حکومت کے تمام محکموں اور اداروں میں خریداریوں، خدمات کے حصول اور ٹھیکوں کے اجراء میںقواعد وضوابط پر عملدرآمد اورمکمل شفافیت کی تعلیم کیلئے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کاخیبر پختونخوا کے معروف تعلیمی ادارے سے اجراء شفافیت یقینی بنانے کے ضمن میں ایک سنجیدہ قدم ہے ۔ پروکیورمنٹ سے متعلق قوانین، قواعد و ضوابط کو مکمل طور پر سمجھ کر اس پر عملدرآمد سے نہ صرف اعلیٰ معیار کی اشیاء اور خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں بلکہ قومی خزانہ اور وسائل کے بہترین استعمال سے کفایت شعاری بھی ممکن ہے۔ اس بارے دوسری رائے نہیں کہ پروکیورمنٹ اور اس سے متعلق قواعد و ضوابط کی جدید معلومات کے شدید فقدان کی وجہ سے خریداریوں اور ٹھیکوں کے اجراء کے عمل میں شفافیت کا بھی فقدان رہا ہے جس کے باعث شفافیت کا سوال اٹھتا رہا ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سوال اپنی جگہ اس سے انکار کی گنجائش نہیں کہ قصد کے ساتھ ساتھ لاعلمی بھی ایک اہم عنصر رہا ہے جس کے باعث آڈٹ اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں۔ بعض جگہوں پر تو بغیر کسی بد عنوانی کے بھی لاعلمی پر مبنی بے ضابطگیوں کے باعث معاملات نیب تک جا پہنچے جس سے متعلقہ محکمے اور افراد کی بدنامی ہوئی ۔ پروکیورمنٹ کے قوانین سے کماحقہ آگاہی اور مہارت کیلئے اسے کامرس کی تعلیم کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے مختلف محکموں میںذمہ دارعہدوں پر فائز افراد کیلئے معروف تعلیمی ادارے اور خیبر پختونخوا پروکیور منٹ اتھارٹی کے تعاون سے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کلاسوں کا اجراء ایک بہتر سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے جس سے طالب علموں کے ساتھ ساتھ ملازمت پیشہ افراد بھی استفادہ کرسکیں گے تاکہ وہ قوانین اور ضابطوں کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کرسکیں۔

احسن سعی

خیبرپختونخوا کے ممتاز معا لجین کی فیسیں ہی آسمان سے باتیں نہیں کرتیں بلکہ ان سے تشخیص کیلئے وقت لینا بھی کوئی آسان کام نہیں۔ ماہرین طب سے اس ضمن میں مریضوں کی شکایات اور خود ان ماہر ڈاکٹروں کی مشکلات بھی کوئی پوشیدہ امر نہیں۔ اس ضرورت کا احساس کرتے ہوئے ’’علاج گھر‘‘ کے نام سے شہریوں کی رہنمائی اور مطلوبہ ڈاکٹر کا نمبر لینے کی آسانی کی سہولت کا اجراء احسن اقدام ہے۔ فی ا لحال اس کے طریقہ کار اور افادیت سے آگاہی نہیں لیکن یہ ایک اچھی کاوش ضرور ہوگی جس کو کامیاب اور پر سہولت بنانے کیلئے کام کرنا احسن اور نافع ہوگا۔یہ ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں کیلئے آسانی کا باعث ہوگا۔

متعلقہ خبریں