Daily Mashriq

انگریزی، اردو نظام سے مدارس کو الگ کرنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

انگریزی، اردو نظام سے مدارس کو الگ کرنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انگریزی، اردو نظام سے مدارس کو الگ کرنا ناانصافی ہے جس کے باعث دینی مدارس کے بچے تمام علوم کی آگاہی سے محروم رہے اور وہ معاشی، معاشرتی اور شعوری اعتبار سے اوپر نہیں آسکے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں نے برصغیر میں مدارس کے بہترین نظام کو طبقاتی تعلیم میں توڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے سب سے زیادہ زور تعلیم کے حصول پر دیا اور تعلیم کی بدولت ہی 700 برس تک دنیا کے سب سے بڑے سائنسدان مسلمان تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’جب تعلیم ختم ہوئی تو مسلمان تنزلی کا شکار ہوگئے اور آج ہمارے ملک میں 3 طرح کے مختلف نصاب چل رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’تعلیم سے کوئی بھی قوم انسانیت کی طرف جاتی ہے اور دین دنیا میں آنے کا مقصد بتاتا ہے‘۔

’الجریزہ ٹی وی جیسا چینل متعارف کرائیں گے‘

وزیراعظم عمران خان نے باور کرایا کہ ترکی، ملائیشیا، پاکستان نے الجریزہ جیسا ٹی وی چینل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ دنیا بھر میں اسلام کی صحیح تعلیمات کا پرچار ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’مذکورہ چینلز پر فلمیں بھی نشر کی جائیں گے جن میں مسلمان ہیروز کی داستانیں ہوں گی‘۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل موجودہ دور کے فلمی ہیروز کو جانتے اور پہچانتے ہیں لیکن تاریخ کے باوقار سپہ سالاروں کے بارے میں لاعلم ہیں۔

’اقبالیت کو نصاف کا حصہ بنائیں‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’شاعر مشرق علامہ اقبال نے مغربی تعلیمات کا مقابلہ کیا اور برصغیر کے اہل علم لوگوں کو اپنی طرف راغب کیا‘۔

عمران خان نے بتایا کہ ’علامہ اقبال نے تمام مغربی فلسفوں اور اسلام کی تاریخ کا مطالعہ کیا اور دور حاضر کی سماجی، اخلاقی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی خرابیوں کا کھل تبصرہ کیا‘۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کو ’نیشنل کریکولم کونسل‘ کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا ’نظریہ اقبال کو نصاب کا حصہ بنائیں تاکہ وہ تمام معاشروں کے بارے میں بہتر آگاہی کے حامل ہوں اور اپنی کمزوریوں اور صلاحیت کا ادرک رکھتے ہوں‘۔

’یکساں نظام تعلیم کیلئے نیشنل کریکولم کونسل کا قیام‘

وزیراعظم سے قبل وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ حکومت نظام تعلیم میں تقسیم کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں اور ان کی مشاورت شامل کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں