Daily Mashriq

تحریک لبیک کے علامہ خادم حسین رضوی 4ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار

تحریک لبیک کے علامہ خادم حسین رضوی 4ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار

ویب ڈیسک:انسداد دہشت گردی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں نامزد تحریک لبیک کے رہنماؤں خادم رضوی، پیراقضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی، وکیل استغاثہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مولانا خادم حسین رضوی سمیت 4 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن بار بار طلبی کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔ عدالت نے خادم حسین رضوی، پیرافضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔ تمام ملزمان کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا۔

عدالتی حکم کے بعد پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ خادم حسین رضوی کی طلبی کے اشتہار تھانہ نواں کوٹ، ان کے مدرسے کی دیوار اور اسی علاقے کے چوک جب کہ مجاز عدالت کے باہر چسپاں کردیئے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب مقدمات کی مزید کارروائی ملزمان کی غیرحاضری میں آگے بڑھائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں