Daily Mashriq

وفاق میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم میں معاملات طے پاگئے

وفاق میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم میں معاملات طے پاگئے

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان وفاق میں حکومت سازی کے لیے معاملات طے پاگئے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں جہانگیر ترین نےبتایا کہ ایم کیوایم سے معاملات طے پاگئے اور تعاون کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں درخواست میں ان کا ساتھ دیں گے، کراچی کے عوام نے بھرپورطریقے سے ہمارا ساتھ دیا ہے، شہر کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج دیا جائے گا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ کراچی کونظر انداز کیا گیا اس پرتوجہ نہیں دی گئی، شہر میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں، حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ایم کیوایم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ عمران خان کی دعوت پرآئے ہیں، ہمارے درمیان جوکچھ طے پایا ہے وہ آئینی تقاضے اور ملک کی ضرورت ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ مل کرچلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ایم کیوایم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، اس معاملے پر پی ٹی آئی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی سے بات چیت کی ہے۔

ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جب کہ آپریشن میں ہونے والی زیادتیوں کے ازالے پر بھی بات ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں