Daily Mashriq


شہری اور بلدیاتی عملہ دونوں ذمہ داری کامظاہرہ کریں

شہری اور بلدیاتی عملہ دونوں ذمہ داری کامظاہرہ کریں

عوام میں آگہی اور شعور پیدا کرنے کے لئے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی جانب سے سینیٹیشن میلہ کا انعقاد احسن اور اہم ہے اس بارے دوسری رائے نہیں کہ عوام کے عدم تعاون اور شعور و آگہی نہ ہونے کے باعث گلیوں میں کچرا وقت بے وقت پڑا رہتا ہے۔ نالیاں بند ہوجاتی ہیں اور گلیوں میں گھروں سے نکلنے والا پانی جمع ہو کر جوہڑ اور گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کا سبب بن جاتا ہے۔ لیکن کیا ڈبلیو ایس ایس پی' پی ڈی اے اور بلدیات کاعملہ اپنی ذمہ داریاں کما حقہ ادا کر رہاہے یقینا نہیں جس کے باعث یہ معاملہ دو طرفہ بن جاتا ہے۔ نتیجتاً شہر میںصفائی و نکاسی آب کی صورتحال میں ابتری در ابتری آتی ہے۔ بہتر ہوگا کہ عوام اور متعلقہ اداروں کاعملہ دونوں اپنی اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کا احساس و ادراک کریں اور شہر کی صفائی ستھرائی میں معاون ہوں نہ کہ اس کی گندگی کا سبب بنیں۔توقع کی جانی چاہئے کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے زیر اہتمام نکاسی آب و نظافت کے متعلق جس میلہ کا انعقاد کیا جارہا ہے وہ صرف دو دن کے میلہ کے انعقاد تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے نتیجے میں جو مسائل اور حقائق کھل کر سامنے آئیں گے ان پر نہ صرف اپنے عملے سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ عوام کو بھی ان کی ذمہ داریوں کا سنجیدگی کے ساتھ احساس دلایا جائے گا۔ عوام کے جن طبقوں کی جانب سے انفرادی اور اجتماعی طور پر اگر شہری قوانین صحت و صفائی کی بار بار خلاف ورزی سامنے آئے گی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی میں کسی مصلحت اور نرمی کا مظاہرہ نہیں کیاجائے گا تاکہ شہریوں کو بھی ان کی ذمہ داریوں اور قانون پر عملدرآمد کے تقاضوں کا بخوبی اور عملی احساس دلایا جاسکے۔

متعلقہ خبریں