Daily Mashriq

پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث

پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث

اسلام آباد:سنگین غداری کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزا پر سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث ہوئی۔

 رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی رہنما مشاہداللہ خان نے بحث میں حصہ لییتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، پشاور ہائی کورٹ کے جج وقار احمد سیٹھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج کے خلاف الزامات کی صداقت پتہ لگانے کے لیے کوئی فورم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے قبول کیا یا نہیں پرویز مشرف کے خلاف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف دیا گیا فیصلہ سونے کے حروف سے لکھا جانا تھا۔

مشاہداللہ خان نے کہا کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز زبان استعمال کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے حکمراں جماعت کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’ اس ملک کوکیسے چلایا جاسکتا ہے‘۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیٹر محمد سیف نے کہا کہ ’ جو لوگ اس سزا پر خوش ہیں میں انہیں باور کروانا چاہتا ہوں کہ یہ ان کی خواہش ہی رہے گی کیونکہ پرویز مشرف کو کوئی سزا نہیں دے سکتا‘۔

سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود خصوصی عدالت کے 3 رکنی بینچ نے 17 دسمبر کو پرویز مشرف سنگین غداری کیس کے مختصر فیصلے میں انہیں آرٹیکل 6 کے تحت سزائے موت سنائی تھی۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار سیٹھ، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذر اکبر پر مشتمل بینچ نے اس کیس کا فیصلہ 2 ایک کی اکثریت سے سنایا تھا۔

جس کے بعد 19 دسمبر کو اس کیس کا 167 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا تھا جس میں جسٹس نذر اکبر کا 44 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ بھی شامل تھا۔

عدالت کا تفصیلی فیصلہ جسٹس وقار سیٹھ نے تحریر کیا تھا اور اس میں ان کے ساتھ جسٹس شاہد کریم نے معاونت کی تھی۔

تاہم جسٹس شاہد کریم نے سزا سے اتفاق کیا لیکن انہوں نے فیصلے میں شامل پیراگراف 66 سے اختلاف کیا، جس میں مشرف کے سزا سے پہلے وفات پانے کی صورت میں 'ڈی چوک پر گھسیٹ کر لانے اور 3 دن تک لٹکانے' کا ذکر کیا گیا۔

علاوہ ازیں 17 دسمبر کو دیے گئے مختصر عدالتی فیصلے پر سابق صدر کا ردعمل سامنے آیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف کچھ لوگوں کی ذاتی عداوت کی وجہ سے کیس بنایا اور سنا گیا جس میں فرد واحد کو ٹارگٹ کیا گیا۔

عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز مشرف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ 'خصوصی عدالت نے میرے خلاف آرٹیکل 6 کا جو فیصلہ سنایا وہ میں نے ٹی وی پر پہلی بار سنا، یہ ایسا فیصلہ ہے جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی کہ مدعا علیہ اور نہ اس کے وکیل کو اپنے دفاع میں بات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔'

واضح رہے کہ سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف نے 3 نومبر، 2007 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت اعلیٰ عدالت کے 61 ججز فارغ ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں