Daily Mashriq

تائیوان:ملٹری چیف سمیت 8افسران ہیلی کاپٹر حادثےمیں ہلاک

تائیوان:ملٹری چیف سمیت 8افسران ہیلی کاپٹر حادثےمیں ہلاک

  تائیوان میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، واقعے میں چیف آف جنرل اسٹاف سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں 3 میجر جنرلز بھی شامل ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق جمعرات کی صبح بلیک ہاک ہیلی کاپٹر یو ایچ 60 ایم تائی پے کے قریب پہاڑی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا، حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر میں 13 افراد سوار تھے جن میں تائیوان فضائیہ کے جنرل شین یی منگ بھی شامل تھے، واقعے میں 5 افراد کو بچالیا گیا۔

حادثے میں چیف آف جنرل اسٹاف شین یی منگ سمیت 8 سینیئر افسران ہلاک ہوگئے ہیں جن میں 3 میجر جنرلز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 62 سالہ جنرل شین یی منگ وفد کے ہمراہ شمال مشرقی تائیوان کی کاؤنٹی یلان میں فوجیوں سے ملاقات کیلئے جارہے تھے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

تائیوان کی وزارت دفاع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، ریسکیو ٹیموں کو 10 افراد زندہ حالت میں ملے تھے جبکہ جنرل شین سمیت 2 افراد لاپتہ تھے۔

ایئر فورس کمانڈر کے مطابق ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کے 15 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہوگیا، وزارت دفاع نے واقعے کی تحقیقات کیلئے ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی ہے۔

متعلقہ خبریں