Daily Mashriq

بلین ٹری کامیاب منصوبہ ہے،احتساب کیلئے تیارہیں،شوکت یوسفزئی

بلین ٹری کامیاب منصوبہ ہے،احتساب کیلئے تیارہیں،شوکت یوسفزئی

پشاور(مشرق نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ کابینہ میں تبدیلی وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے تبدیلی جلد ہو گی۔ حکومت ہر قسم کے احتساب کیلئے تیارہے۔ بلین ٹری سونامی ایک کامیاب منصوبہ ہے۔ صحافیوں کی مثبت تنقید سے حکومت کو اصلاح کا موقع ملتا ہے۔ ہر سال پریس کلب کے بروقت انتخابات کو یقینی بنانے پر پشاور پریس کلب تعریف کا مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کے دورے پر نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اللہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ڈالر کے ریٹ کو مصنوعی طریقے سے اپنی جگہ قائم رکھا تھا۔پچھلی حکومتوں نے بجلی 1250 ارب، گیس 154 ارب اور پی آئی اے کو 375 ارب خسارے میں رکھا، خسارہ اور قرضہ ختم کئے بغیر حکومت عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں نہیں تھی پی آئی اے کے خسارے میں 30 فیصد کمی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بہت ہی کم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی بہت کامیاب منصوبہ ہے جس کی وجہ سے ملک کی نیک نامی ہوئی منصوبہ میں کسی بھی قسم کے احتساب کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع وزیر اعلیٰ محمود خان کا اختیار ہے۔وزیر اعلیٰ کارکردگی یا بہتر کام لینے کے لئے وزراء کے قلمدان تبدیل کر سکتے ہیں، اسمبلی اجلاس میں وزراء کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب جمہوری انداز میں ہر سال انتخابات بر وقت یقینی بنائے جس کے لئے یہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ صحافیوں کی مثبت تنقید سے حکومت کو اصلاح کا موقع ملتا ہے ایسی تنقید کی جائے جس سے عوام کو فائدہ ہو حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرے گی تاکہ صحافی اپنے کام پر پوری توجہ دے سکیں ۔ صوبائی وزیر نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر سید بخار شاہ کو گلدستہ پیش کیا اور پریس کلب بلڈنگ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

متعلقہ خبریں