Daily Mashriq

عائزہ خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیوٹ کیوں کرلیا؟

عائزہ خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیوٹ کیوں کرلیا؟

ایک وقت تھا جب مداح اپنی پسندیدہ شخصیات کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بہت کچھ جاننا چاہتے تھے تاہم اس وقت ایسا کرنا اتنا ممکن نہیں تھا، لیکن آج سوشل میڈیا کے دور میں مداح ان نامور شخصیات سے بھی اتنے ہی قریب ہیں جتنا اپنے دوستوں سے ہوں گے۔

آج فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر تقریباً ہر نامور شخصیت کا اکاؤنٹ موجود ہے، جہاں مداح انہیں فالو کرکے ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بہت سی باتیں جان پاتے ہیں۔

اس ہی طرح پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مدد سے مداحوں کو خود سے قریب رکھتی ہیں، ان ہی میں سے ایک اداکارہ عائزہ خان بھی ہیں جو اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے روز مرہ کے معمولات شیئر کرتی رہی۔

تاہم اب اداکارہ نے اچانک اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پبلک سے ہٹا کر پرائیوٹ کرلیا ہے، جس کی وجہ سے وہ افراد جو انہیں فالو نہیں کرتے اب ان کی تصاویر اور ویڈیوز نہیں دیکھ پائیں گے۔

عائزہ خان نے ایسا اس لیے کیا ہے کہ وہ باقی نامور شخصیات کی طرح سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز کی تعداد بڑھانے کی دوڑ کا حصہ نہیں بننا چاہتی۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیوٹ کررہی ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں مداح چاہیے فالوورز نہیں۔

عائزہ خان کو انسٹاگرام پر 31 لاکھ افراد فالو کرتے ہیں، جبکہ اب انہوں نے اپنا اکاؤنٹ پرائیوٹ کرلیا اور ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’کبھی کبھار کسی کی زندگی میں داخل ہونے کے لیے دروازہ کھٹکھٹانا ضروری ہوتا ہے‘۔

بہرحال اگر آپ اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو مایوس نہ ہوں، عائزہ خان کے اکاؤنٹ پرائیوٹ کرنے کے باوجود آپ انہیں فالو کرنے کی درخواست بھیج سکتے ہیں، جسے اداکارہ ضرور قبول کریں گی۔

عائزہ خان اس وقت ’یاریاں‘ نامی ڈرامے میں کام کررہی ہیں، جس میں مومل شیخ اور منیب بٹ بھی موجود ہیں۔

جس کے بعد وہ جلد منیب بٹ کے ہمراہ ایک اور ڈرامے ’ہم کے ٹھہرے اجنبی‘ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔

متعلقہ خبریں