Daily Mashriq


پاکستان اورچین میں دوطرفہ تعاون کے 15معاہدے،مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

پاکستان اورچین میں دوطرفہ تعاون کے 15معاہدے،مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

ویب ڈیسک:وزیرِ اعظم عمران خان کے دورہ چین کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے، دونوں ممالک کے درمیان 15 نئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

چین کے شہر بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسدعمر، خسرو بختیار، شیخ رشید  اور علی زیدی بھی مذاکرات میں شریک تھے۔ مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور سی پیک سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک کے درمیان جن معاہدوں پر دستخط کیے گئے ان میں چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون، زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔

اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی جن یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح کے تزویراتی مذاکرات، پاکستان سے غربت کے خاتمے اور جنگلات، ارضیات سائنس اور الیکٹرونکس مواد کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں شامل ہیں۔

ملاقات سے قبل وزیر اعظم عمران خان کو گریٹ ہال میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چینی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

چینی وزیرِ اعظم لی کی کیانگ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کا خیرمقدم کیا، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 نومبر کو عوامی جمہوریہ چین کے پہلے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے تھے۔

چین پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور اس دوران ان کا کہنا تھا کہ چین نے جس طرح غربت اور کرپشن پر قابو پایا ہے کسی ملک نے ایسا نہیں کیا جبکہ پاکستان غربت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

متعلقہ خبریں