Daily Mashriq


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ،اہم امور پر بات چیت

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ،اہم امور پر بات چیت

ویب ڈیسک:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کوافغان ہم منصب صلاح الدین ربانی نےفون کیا ، اہم امورپرگفتگو سمیت پاکستانی قونصل خانےکی سکیورٹی مسائل حل کرنےکی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

پاک افغان وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل پر بھی گفتگو کی۔

صلاح الدین ربانی نے قونصل خانے کی سلامتی کو لاحق خطرات اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو 28 اگست سے پہلے والی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی نے پاک افغان امن منصوبے کے تحت افغانستان میں قیام امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ ہفتے کو پاکستان نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کردیا تھا۔ صوبے ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات نے 29 اگست کو قونصل خانے پر دھاوا بولا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کی وجہ سے قونصل خانہ بند کیا گیا۔

متعلقہ خبریں