Daily Mashriq

پاکستان، مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہے گا، صدرِ مملکت

پاکستان، مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہے گا، صدرِ مملکت

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہے گا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی میں 'شمشیرِ بحر سیون' اور 'ترسیل بحر ٹو' بحری مشقوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مجھے پاکستان کی مسلح افواج پر فخر ہے۔

صدر مملکت کو بحری مشقوں کی افتتاحی تقریب کے دوران پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 'اے' کے خاتمے کے غیر قانونی اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فاشسٹ کنٹرول نافذ کرنے کی یہ کوشش مقبوضہ کشمیر میں اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر سنگین اثرات مرتب کرے گی جس سے جنوبی ایشیائی اور عالمی امن بھی متاثر ہوگا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر ممکنہ حد تک سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھارتی مظالم کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار سمندر کے ذریعے بلاتعطل تجارت پر ہے اور اس سلسلے میں پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شمشیر بحر مشق میں حصہ لیں گے۔

شمشیر بحر مشق ہر 2 سال بعد منعقد ہوتی ہے اور اس کا مقصد عملی سطح پر نظریاتی تجزیہ کرنا ہوتا ہے جسے بعد میں بحری حکمت عملی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں افواج پاکستان کے اعلیٰ حکام اور وفاقی وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان کا پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز کا دورہ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیر اعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے رواں برس فروری میں بھارتی جارحیت کا جواب دینے اور ملکی فضائی دفاع کو یقینی بنانے میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، قومی تعمیر سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں پاک فضائیہ کی خدمات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال خان اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں۔

متعلقہ خبریں