Daily Mashriq

ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں، آرمی چیف

ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں، آرمی چیف

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے نوجوانوں کے نمائندہ وفد نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ان سے گفتگو کی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر میں سندھ کا اہم کردار ہے اور  پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ پاکستانی نوجوان ملک کی سمت کا تعین کریں گے اور صرف نوجوان تبدیلی لاسکتے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے اور سندھ کے جوان ہمارے بہترین سپاہی ہیں۔ سندھ کے جوان محنتی اور وفادار ہیں اور اگر ہم خود کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی مدد نہیں کرے گا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی سمت کا تعین نوجوان بحیثیت رہنما کریں گے اور آپ لوگوں نے پاکستان کی قیادت کیلئے ترجیحات طے کرنی ہیں۔ دنیا میں تبدیلی نوجوان لاتے ہیں اور جس ڈائریکشن میں آپ جائیں گے پاکستان اس طرف جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج میں میرٹ کا سسٹم ہے اور میرٹ کی بنیاد پر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ سلام پاکستانی ماؤںکو  جو ملک پر جان نچھاور کرنے والے بچے پیدا کرتی ہیں اور ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی مذہب دوسروں کا حق مارنے کی اجازت نہیں دیتا اور فوجی قوت سے زیادہ طاقتور اخلاقی قوت ہوتی ہے، ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے آزاد کرایا، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا اور ہم نے پاکستان کو وہاں لیکر جانا ہے جہاں اس کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل پاکستان کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں