Daily Mashriq

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری ،فریال تالپور کیخلاف ایف آئی اے کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری ،فریال تالپور کیخلاف ایف آئی اے کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

ویب دیسک:ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیے جانے کے باوجود مسلسل عدم حاضری پر ان کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

منی لانڈرنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ایف آئی اے کے سامنے مسلسل عدم پیشی کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ایف آئی اے حکام نے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔  اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا تحقیقات کے لئے پیش نہ ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ لے جائیں گے، سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد دونوں ملزمان کو دوبارہ طلب کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا، عدالتی ہدایات کی روشنی میں انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدم حاضری پر ایف آئی اے نے اپنا جواب تیار کرلیا ہے جو آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائیگا۔ دونوں ملزمان اربوں روپے کے منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تفتیش کے لیے آج بھی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے انہیں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تیسری بار طلب کیا تھا۔

فریال تالپور نے جے آئی ٹی کے سربراہ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کردیا ہے اور اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں آصف زرداری کے قریبی دوست حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں